احساس پروگرام کو مزید ضرورت مندوں تک بڑھانے کی ضرورت ہے، عمران خان

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 جولائی 2020
تعمیراتی پیکیج کا مقصد روزگار کے مواقع فراہم کرنا، معیشت کے پہیے کو چلانا، غریبوں کے لیے سستی رہائش کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے، وزیراعظم (فوٹو، فائل)

تعمیراتی پیکیج کا مقصد روزگار کے مواقع فراہم کرنا، معیشت کے پہیے کو چلانا، غریبوں کے لیے سستی رہائش کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے، وزیراعظم (فوٹو، فائل)

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کی مزید ضرورت مندوں تک بڑھانے کی ضرورت ہے کیوں کہ  معاشرے کے غریب طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے امداد فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت فنانس اور معاشی تھنک ٹینک کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر اسٹیٹ بینک، سابق سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے شرکت کی جب کہ ویڈیو لنک کے ذریعے مشیر تجارت رزاق داؤد، شوکت ترین، سلطان الانہ، ڈاکٹر اعجاز نبی اور عارف حبیب شریک تھے۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے اجلاس کو معاشی تھنک ٹینک کے مقاصد سے متعلق آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں معاشی نمو کے لیے آؤٹ آف دی باکس حل کی ضرورت ہے، کورونا وائرس نے عالمی معیشت کے ساتھ پاکستان پر بھی منفی اثرات مرتب کیے، ہماری حکومت نے پہلے دن سے معیشت اور عوام کو کووڈ 19 سے بچانے کا توازن برقرار رکھنے کی حکمت عملی اپنائی۔

عمران خان نے کہا کہ معاشرے کے غریب طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے امداد فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، احساس پروگرام غربت کے خاتمے کے لیے حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے، احساس پروگرام کی مزید ضرورت مندوں تک توسیع کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تعمیرات اور رہائش کے شعبے کے لیے ایک بہترین پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے، تعمیراتی پیکیج کا مقصد روزگار کے مواقع فراہم کرنا، معیشت کے پہیے کو چلانا اور غریبوں کے لیے سستی رہائش کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔

دریں اثنا وزیر اعظم نے بینکنگ اور فنانس کے بارے میں تھنک ٹینک کی پیش کردہ تجاویز کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت کے جاری اقدامات، پالیسیوں اور پروگراموں کے بارے میں تھنک ٹینک کی باقاعدہ آراء فراہم کی جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔