عوامی فلاح کے پراجیکٹس پر ادارے یکسوئی کے ساتھ کام کریں، وزیر اعظم

قیصر شیرازی  اتوار 12 جولائی 2020
کوہالہ اور آزاد پتن پن بجلی منصوبوں سے1800میگاواٹ بجلی،8ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونگے ،فیس بک پوسٹ فوٹو : فائل

کوہالہ اور آزاد پتن پن بجلی منصوبوں سے1800میگاواٹ بجلی،8ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونگے ،فیس بک پوسٹ فوٹو : فائل

 راولپنڈی: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی فلاح کے پراجیکٹس پر تمام ادارے یکسوئی کیساتھ کام کریں۔

چئیرمین راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی طارق مرتضیٰ سے گزشتہ روز بنی گالا میں خصوصی ملاقات کے دوران وزیراعظم نے راولپنڈی میں رنگ روڈ پراجیکٹ، کلین اینڈ گرین، مرغی پال اور گھروں میں سبزیاں اُگانے کے کچن گارڈننگ پراجیکٹس کو تیز کرنے کی ہدایات کے ساتھ ان کے لئے فنڈز بھی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ عوامی سائل کے حل پر فوقیت دی جائے۔

دریں اثناء فیس بک پر اپنے آفیشل پیج پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے کوہالہ اور آزاد پتن پن بجلی منصوبوں سے 1800میگاواٹ بجلی اور 8ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوہالہ منصوبہ آزاد کشمیر میں دریائے جہلم پر تعمیر کیا جائے گا، اسی طرح آزاد پتن منصوبہ دو اضلاع صوبہ پنجاب کے ضلع راولپنڈی اور آزاد کشمیر کے ضلع سندھنوتی کے درمیان تعمیر کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے مختلف اعانتوں کے ذریعے معاشرے کے نادار طبقوں کو ریلیف فراہم کرنے کی بھی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔