اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

نمائندگان ایکسپریس  اتوار 12 جولائی 2020
تیزہواؤں اوربارش سے گرمی کا زورٹوٹ گیا،آج بھی ملک میں مزید بارش کا امکان۔ فوٹو : فائل

تیزہواؤں اوربارش سے گرمی کا زورٹوٹ گیا،آج بھی ملک میں مزید بارش کا امکان۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد: ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے موسم خوش گوار ہو گیا۔

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے موسم خوش گوار ہو گیا، آندھی چلنے سے بعض علاقوں میں درخت گر گئے جبکہ فیڈر ٹرپ کرجانے سے  متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے.

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اتوار کو بھی بالائی،وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا، مشرقی بلوچستان، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش  مالم جبہ، کاکول،نارووال میں 14 ملی میٹر  ہوئی  جبکہ  زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آبادمیں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

فاروق آباد اور گردونواح میں بھی طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ تیز  بارش شروع ہوئی  جس سے  نشیبی علاقے زیرآب آگئے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔