فیول کی عدم فراہمی کے باعث کراچی میں لوڈشیڈنگ کا کے الیکٹرک کا دعویٰ مسترد

ویب ڈیسک  اتوار 12 جولائی 2020
وفاقی حکومت زیادہ بجلی بھی دے تو کے الیکٹرک کو سسٹم اپ گریڈ کرنے میں سالوں لگ جائیں گے، ترجمان وزارت توانائی۔  فوٹو : فائل

وفاقی حکومت زیادہ بجلی بھی دے تو کے الیکٹرک کو سسٹم اپ گریڈ کرنے میں سالوں لگ جائیں گے، ترجمان وزارت توانائی۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: ترجمان وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ فیول کی عدم فراہمی کراچی میں لوڈشیڈنگ کا باعث بننے کا دعویٰ غلط ہے۔

ترجمان وزارت توانائی نے کے الیکٹرک کے حوالے سے بیان میں کہا کہ فیول کی عدم فراہمی کراچی میں لوڈشیڈنگ کا مؤجب بننے کا دعویٰ غلط ہے، کے الیکٹرک نے تسلیم کیا کہ ان کو 290 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل رہی ہے، ایندھن فراہمی کو لوڈشیڈنگ کے ساتھ جوڑنا کراچی کے عوام سے حقائق چھپانے کے مترادف ہے۔

ترجمان وزارت توانائی کا کہنا تھا کہ ملکی پیداوار کا 80 فیصد فرنس آئل پٹرولیم ڈویژن کی مداخلت سے کے الیکٹرک کو مل رہا ہے، کے الیکٹرک نے بجلی تقسیم کار سسٹم میں مطلوبہ سرمایہ کاری نہیں کی، اگر وفاقی حکومت زیادہ بجلی بھی دے تو کے الیکٹرک کو سسٹم اپ گریڈ کرنے میں کئی سال لگ جائیں گے۔

ترجمان وزارت توانائی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کے سسٹم کو پیک ٹائم میں 100 سے 200 میگاواٹ کی کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک کو 1000 میگاواٹ بجلی دینے کی آفر بھی کی جب کہ11 جولائی کی میٹنگ میں طے ہوا کہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو مزید 500 ٹن فرنس آئل فراہم کرے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔