امریکی جنگی بحری جہاز میں دھماکا، اہلکاروں سمیت21 افراد زخمی

ویب ڈیسک  پير 13 جولائی 2020
زخمیوں میں امریکی بحریہ کے 17 اہلکار بھی شامل ہیں، فوٹو : اے ایف پی

زخمیوں میں امریکی بحریہ کے 17 اہلکار بھی شامل ہیں، فوٹو : اے ایف پی

کیلی فورنیا: امریکی شہر سان ڈیاگو کے بحری فوجی اڈے میں کھڑے امریکی بحریہ کے جنگی جہاز میں دھماکے کے بعد اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں اہلکاروں سمیت 21 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کیلی فورنیا کے بیس میں امریکی جنگی بحری جہاز میں زوردار دھماکا ہوا جس کے بعد جہاز میں آگ بھڑک اُٹھی۔ تیزی سے پھیلتی آگ نے جہاز کے ایک حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھماکے کی نوعیت اور وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

دھماکے کی آواز سنتے ہی ریسکیو ادارے متحرک ہوگئے، فائر بریگیڈ کے عملے نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ جہاز سے 21 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے 17 امریکی بحریہ کے اہلکار ہیں،3 اہلکاروں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

امریکی بحریہ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ بحری فوجی اڈے پر جہاز کی مرمت کی جارہی تھی کہ اچانک دھماکا ہوگیا، دھماکے میں ہلاکتیں نہیں ہوئیں تاہم 21 اہلکار اور شہری زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔