سپرہائی وے پر رینجرز کی گاڑی کو حادثہ، 3 جوان شہید اور 3 شدید زخمی

ویب ڈیسک  پير 13 جولائی 2020
حادثہ ٹائر پھٹنے کے باعث  باعث پیش آیا، گڈاپ سٹی پولیس۔ فوٹو:ایکسپریس  

حادثہ ٹائر پھٹنے کے باعث  باعث پیش آیا، گڈاپ سٹی پولیس۔ فوٹو:ایکسپریس  

کراچی: سپرہائی وے ڈی ایچ اے سٹی کے قریب سندھ رینجرز کی موبائل  حادثے کا شکار ہونے کے نتیجے میں انسپکٹر، حوالدار اور سپاہی شہید جب کہ تین اہلکار زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی  گڈاپ سٹی تھانے کے علاقے سپر ہائی وے ڈی ایچ اے سٹی کے قریب سندھ رینجرز کی موبائل حادثے کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں موبائل میں سوار حوالدار سہیل اکرم موقع پر ہی شہید ہوگئے جب کہ انسپکٹرعبدالرزاق، لانس نائیک گل خان، سپاہی حمزہ، سپاہی مرتضٰی اور ڈرائیور مشتاق شدید زخمی ہوگئے جنہیں تشویش ناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری تھا اس دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انسپکٹر اور سپاہی بھی دم توڑ گئے۔ ایس ایچ او گڈاپ سٹی انسپکٹر نعمت بھٹی نے بتایا کہ دوران علاج دم توڑنے والوں میں انسپکٹر عبدالرزاق اور سپاہی حمزہ شامل ہیں جب کہ زخمی ہونے والے بقیہ تینوں اہلکاروں کی بھی حالت تشویش ناک ہے۔

گڈاپ سٹی پولیس کے مطابق جس رینجرز کی موبائل کو حادثہ پیش آیا وہ رینجرز کے 35 ونگ کی تھی جو ٹائر پھٹنے کے باعث  الٹی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔