حکمران مزید مسلط رہے تو ملک کا دیوالیہ نکل جائے گا، فضل الرحمن

اسٹاف رپورٹر  پير 13 جولائی 2020
ہمارے مدرسے کا کوئی استاد اور طالب علم سرکار کے دروازے پر نوکریاں مانگنے نہیں گیا، سربراہ جے یو آئی (فوٹو: فائل/نیوز ایجنسی)

ہمارے مدرسے کا کوئی استاد اور طالب علم سرکار کے دروازے پر نوکریاں مانگنے نہیں گیا، سربراہ جے یو آئی (فوٹو: فائل/نیوز ایجنسی)

 کراچی: جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران اپنی اہلیت مکمل طور پر کھو چکے ہیں، ان حکمرانوں کا قوم پر مزید مسلط رہنے کا کوئی آئینی یا اخلاقی جواز باقی نہیں رہا اگر حکمران مزید مسلط رہے تو ملک کا دیوالیہ نکل جائے گا۔

کراچی سے اسلام آباد روانگی سے قبل جے یو آئی کراچی کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرنگی استبداد کے مقابلے میں جدوجہد آزادی کی جنگ کا اعزاز ہمارے بزرگوں کو حاصل ہے، ہم ان کی اصل میراث دینی اداروں، خانقاہی سلسلوں، دعوت اور سیاست شرعیہ کے امین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برصغیر کی تقسیم کے ساتھ ہی ہمارے نظام تعلیم کو بھی تقسیم کردیا گیا، سرکار اور مدارس کے نظام تعلیم کو الگ الگ تصور کیا جاتا ہے، اس تقسیم کو ایک سازش تو قرار دیا جاسکتا ہے لیکن اس پر ان کے پاس کوئی دلیل موجود نہیں۔

مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ ہمارے مدرسے کا کوئی استاد اور طالب علم سرکار کے دروازے پر نوکریاں مانگنے نہیں گیا بلکہ لاکھوں گریجویٹ لوگ سرکار سے نوکریاں مانگنے کے لیے ان دروازوں پر موجود ہیں مگر حکمران پہلے سے برسر روزگار لاکھوں نوجوانوں کو بھی بے روزگار کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔