کامیاب جوان پروگرام کے دوسرے مرحلے کی منظوری، 25 ارب روپے جاری

ویب ڈیسک  منگل 14 جولائی 2020
دوسرے مرحلے کے لیے مارک اپ 6 سے کم کرکے 3 فیصد کر دیا گیا ہے۔ فوٹو : فائل

دوسرے مرحلے کے لیے مارک اپ 6 سے کم کرکے 3 فیصد کر دیا گیا ہے۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کے دوسرے مرحلے کی منظوری دیدی ہے۔

وفاقی حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کا دوسرا مرحلہ فوری شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی عثمان ڈار سے ملاقات کے بعد پروگرام کی منظوری بھی دیدی ہے۔

حکومت نے دوسرے مرحلے کے لیے 25 ارب روپے جاری کردیے ہیں، حکومتی ہدایات کے مطابق قرض پر مارک اپ میں بھی کمی کر دی گئی ہے، دوسرے مرحلے کے لیے مارک اپ 6 سے کم کرکے 3 فیصد کر دیا گیا ہے، قرض کے زیادہ سے زیادہ حد 50 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ کر دی گئی۔

معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ نوجوان اپنے کاروبار کے لیے 1 لاکھ سے ڈھائی کروڑ تک کا قرض لے سکیں گے، فیصلہ کورونا کے باعث معیشت کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر کیا گیا، جو نوجوان مالی مشکلات کا شکار ہیں وہ اس پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، نوجوان صرف کاروبار کا منصوبہ بنائیں، حکومت بغیر گارنٹی کے قرض دے گی، بغیر گارنٹی قرض کی حد بھی 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کر دی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔