جون میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 2.5 ارب ڈالر وطن بھجوائے،اسٹیٹ بینک

ارشاد انصاری  منگل 14 جولائی 2020
رواں  سال سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 23.12 ارب ڈالر پاکستان بھجوائے ہیں, اسٹیٹ بینک۔ فوٹو،فائل۔

رواں سال سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 23.12 ارب ڈالر پاکستان بھجوائے ہیں, اسٹیٹ بینک۔ فوٹو،فائل۔

 اسلام آباد: کورونا وائرس  کی عالمی وبا کے باعث پیدا ہونے والے عالمی معاشی بحران کے باوجود جون 2020میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی  ترسیلات زر میں 50.73 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک ماہ میں سب سے زیادہ ترسیلات زر پاکستان بھیج کر نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 2.5 ارب ڈالر کی بڑی رقم جون کے ماہ میں پاکستانی بھیجی جو کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 51 فیصد زیادہ ہے۔

علاوہ ازیں گزشتہ ماہ بھیجی گئی رقم کے بعد سالانہ 23.12 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جو کہ گزشتہ مالی سال 2019 کے مقابلے میں 6.4 فی صد زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2019-20ءکے دوران ترسیلات زر کی وصولی میں مجموعی طور پر 6.36 فیصد اضافہ ہوا اور رواں  سال سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 23.12 ارب ڈالر پاکستان بھجوائے ہیں جبکہ مالی سال 2018-19ءکے دوران ترسیلات زر کی وصولی 21.74 ارب ڈالر رہی تھی۔

مرکزی بینک کےمطابق مئی 2020ءکے مقابلے میں جون 2020ءکے دوران ترسیلات زر کی وصولی 32 فی صد کے اضافہ سے 1.866 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 1.466 ارب ڈالر تک بڑھی ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران امریکا سے سب سے زیادہ 4.16 ارب ڈالر کی ترسیلات ہوئیں جبکہ برطانیہ سے 3.4 ارب ڈالر اور سعودی عرب و متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 5.4 ارب ڈالر وطن بھجوائے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔