کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو؛ گھنٹوں بجلی کی بندش معمول بن گئی

ویب ڈیسک  منگل 14 جولائی 2020
کے الیکٹرک کا بن قاسم پاور پلانٹ کے ایک یونٹ میں ٹیکنیکل خرابی کا دعویٰ ۔ فوٹو : فائل

کے الیکٹرک کا بن قاسم پاور پلانٹ کے ایک یونٹ میں ٹیکنیکل خرابی کا دعویٰ ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: شہر قائد میں لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو ہوگیا اور کئی کئی گھنٹوں تک بجلی کی بندش معمول بن گئی۔

کراچی میں بجلی کا بحران ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا جب کہ وفاقی حکومت کی وارننگ کا بھی کے الیکٹرک پر کوئی اثر نہیں ہوا، شہر میں اعلانیہ کے ساتھ غیر اعلانیہ بجلی کی بندش کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس نے شہریوں کا جینا محال کردیا ہے۔

سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں کورنگی، ملیر، نیو کراچی، نارتھ کراچی، اسکیم 33، سرجانی ٹاؤن، گڈاپ، بلدیہ اور اولڈ سٹی ایریا شامل ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک  پر وفاقی حکومت کی وارننگ کا بھی کوئی اثر نہیں تو اب جا کر کس سے شکایت کریں جب کہ مرمت کے نام پربھی پورا پورا دن بجلی غائب رہتی ہے۔

دوسری جانب شہری کے ساتھ ساتھ صنعتی علاقے بھی لوڈ شیڈنگ سے شدید متاثرہیں، 8 گھنٹے کے لئے بجلی کی بندش توعام ہے، لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقے بھی متاثر رہنے لگے ہیں۔

ادھرترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بن قاسم پاور پلانٹ کے ایک یونٹ میں ٹیکنیکل خرابی کے باعث  بجلی کی پیداواری صلاحیت میں 130 میگاواٹ کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے عارضی لوڈ شیڈنگ ناگزیر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔