ترک قوم کی بہادری دنیا بھر کی اقوام کیلئے سبق ہے، وزیراعظم عمران خان

ویب ڈیسک  بدھ 15 جولائی 2020
چار سال قبل آج کے دن ترک قوم نے اپنے جمہوری اداروں کا دفاع کیا تھا، عمران خان ۔ فوٹو، فائل

چار سال قبل آج کے دن ترک قوم نے اپنے جمہوری اداروں کا دفاع کیا تھا، عمران خان ۔ فوٹو، فائل

 اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ترکی کے یوم جمہوریت و اتحاد پر ترک صدر طیب اردوان کے نام پیغام میں یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

ترکی کے یوم جمہوریت پر وزیراعظم نے ترک صدر اور عوام کے نام خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم کی جانب سے ترک قوم سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، چار سال قبل ترک قوم نے اپنی بہادری اور قابلیت کا اظہار کیا تھا۔ ترک قوم نے اپنے جمہوری اداروں، امن و استحکام کا دفاع کیا تھا، 15 جولائی 2016 کو ترک قوم کی بہادری دنیا بھر کی اقوام کے لیے ایک سبق ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ترک قوم کی بہادری تاریخ میں یاد رکھی جائے گی، ایک صدی پہلے ہمارے آباؤ اجداد نے بھی ترک قوم کے لیے قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا تھا، 15 جولائی 2016 کو بھی پاکستانیوں نے ترک قوم کے ساتھ اسی جذبے سے اظہار یکجہتی کیا، پوری پاکستانی قوم نے ترکی کے امن، استحکام اور جمہوریت کے خلاف اٹھنے والے اقدام کی مخالفت کی، ہم نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ کی بھرپور حمایت کی۔

واضح رہے کہ 15 جولائی 2016 کو فوج کی جانب سے اقتدار پر قابض ہونے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد ترکی میں اس دن کو یوم جمہوریت و قومی اتحاد کے طور پر منایا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔