ملک بھر میں کورونا کیسز دو لاکھ 57 ہزار ہوگئے، 5417 جاں بحق

ویب ڈیسک  بدھ 15 جولائی 2020
اب تک اس وائرس کو ایک لاکھ 78 ہزار 479 افراد شکست دے چکے ہیں (فوٹو: فائل)

اب تک اس وائرس کو ایک لاکھ 78 ہزار 479 افراد شکست دے چکے ہیں (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے کئی ہزار نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد دو لاکھ 57 ہزار 333 ہوگئی جب کہ مزید ہلاکتوں کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزار 417 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے 21 ہزار 749 ٹیسٹ کیے گئے، سندھ میں 9 ہزار، پنجاب میں 7 ہزار 175، خیبرپختونخوا ایک ہزار 575، اسلام آباد میں 2 ہزار 333، بلوچستان میں 305، آزاد کشمیر میں 320 جب کہ گلگت بلتستان میں 69 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ اب تک ملک بھر میں 16لاکھ 27 ہزار939 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر سے کورونا کے کئی ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد  2 لاکھ 57 ہزار 333 ہوگئی۔ سندھ میں ایک لاکھ 7 ہزار 773، پنجاب میں 88 ہزار 45، خیبر پختونخوا میں 31 ہزار ایک، اسلام آباد میں 14 ہزار 315، بلوچستان میں 11 ہزار 239، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 708 اور آزاد کشمیر میں ایک ہزار 688 کورونا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

اس وائرس کے سبب ملک بھر میں مزید افراد دم توڑ گئے ، اس طرح ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزار 417 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 43، سندھ میں ایک ہزار 863، خیبرپختونخوا ایک ہزار114، اسلام آباد میں 155، بلوچستان میں 127، آزاد کشمیر میں 46 اور گلگت بلتستان میں 38 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں۔

ملک بھرمیں اب تک ایک لاکھ 78 ہزار 479 افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں جب کہ فعال مریضوں کی تعداد 77 ہزار 573 ہے۔ جب کہ 2 ہزار 78 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔