قیمتوں میں اضافے پر دودھ کی خریداری بند کرنے کی مہم کا آغاز

احتشام مفتی  بدھ 15 جولائی 2020
مہنگا دودھ نہ خریدنے کی مہم 16 جولائی سے 20 جولائی تک جاری رہے گی، چیئرمین کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان

مہنگا دودھ نہ خریدنے کی مہم 16 جولائی سے 20 جولائی تک جاری رہے گی، چیئرمین کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان

کراچی: دودھ کی قیمتوں میں اضافے کا معاملے پرصارفین کی نمائندہ تنظیم کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان نے مہنگے دودھ کی خریداری بند کرنے کی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے چئیرمین کوکب اقبال نے بتایا کہ ڈیری فارمرز فی لیٹر دودھ 94 روپے کے بجائے 120 روپے میں فروخت کرکے لوٹ مار کررہے ہیں۔ ڈیری فارمرز ازخود فی لیٹر دودھ مقررہ ریٹ سے27.65 فیصد زائد قیمتوں پر فروخت کررہے ہیں لہذا صارفین سے گزارش ہے کے وہ کچھ دن دودھ نہ خرید کراپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔

انہوں نے کہاکہ مہنگے دودھ کی عدم خریداری کی مہم 16 جولائی سے 20 جولائی تک جاری رہے گی لیکن اس مہم کی کامیابی صارفین کے تعاون سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ دودھ فروشوں کی اجارہ داری کو ختم کرنے کیلیے شہری اپنا کردار ادا کریں اورشہری بحیثیت صارف اپنے حق کادفاع کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔