پمز انتظامیہ نے دو ماہ کے لیے اسپتال میں ہائی الرٹ جاری کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 15 جولائی 2020
عید الاضحیٰ، محرم الحرام میں کورونا کیسز بڑھنے کا خدشہ ہے، پمز اسپتال انتظامیہ۔ فوٹو: فائل

عید الاضحیٰ، محرم الحرام میں کورونا کیسز بڑھنے کا خدشہ ہے، پمز اسپتال انتظامیہ۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پمز انتظامیہ نے عید الاضحیٰ، محرم الحرام اور کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر آئندہ دو ماہ کے لیے اسپتال میں ہائی الرٹ جاری کردیا۔

پمز انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق عید الاضحیٰ، محرم الحرام اور کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر آئندہ دو ماہ کے لیے اسپتال میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ پمز اسپتال 20 جولائی تا 20 ستمبر ہائی الرٹ رہے گا کیوں کہ عید الاضحیٰ، محرم الحرام میں کورونا کیسز بڑھنے کا خدشہ ہے۔

سرکلر کے مطابق ہائی الرٹ میں پمز اسپتال ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ہائی الرٹ کے دوران پمز کی حدود میں احتجاج، جلسے، جلوس پر پابندی ہوگی، آئندہ دو ماہ میں احتجاج، سیاسی سرگرمیاں خلاف قانون تصور ہوں گی، ملازمین کو ہائی الرٹ کے دوران حاضری یقینی بنانی ہوگی۔

سرکلر کے مطابق ہائی الرٹ دورانیے کے لیے تیاریاں مکمل کرنے اور ہائی الرٹ سے قبل ادویات، کورونا حفاظتی کٹس ذخیرہ کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔