کراچی میں جمعے کے روز گرج چمک کے ساتھ  بارش کا امکان

ویب ڈیسک  بدھ 15 جولائی 2020
شہر میں 24 اور 25 جولائی کے درمیان مون سون کے تحت بارش ہونے کا امکان بھی برقرار ہے، محکمہ موسمیات (فوٹو : فائل)

شہر میں 24 اور 25 جولائی کے درمیان مون سون کے تحت بارش ہونے کا امکان بھی برقرار ہے، محکمہ موسمیات (فوٹو : فائل)

کراچی: محکمہ موسمیات نے جمعے کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور تیز بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گرمی اور لوڈشیڈنگ سے ستائے کراچی کے شہریوں کو محکمہ موسمیات نے گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی نوید سنائی ہے، چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق جمعہ 17 جولائی کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ  کا کہنا ہے کہ کراچی میں جمعے کے روز ہونے والی بارش مون سون کے اچانک بننے والے سسٹم کے تحت ہوگی، جب کہ جمعے کو ہونے والی بارش کا دورانیہ صرف ایک دن پر محیط رہنے کا امکان ہے، بعد ازاں بارش کا یہ سلسلہ سمندر میں شہر کے مغربی جانب سے عمان کی جانب منتقل ہوجائے گا، تاہم  24 اور 25 جولائی کے درمیان مون سون کے تحت بارش ہونے کا امکان بھی برقرار ہے، جس کے تحت 2 سے 3 روز تک وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی ہواؤں کا سلسلہ اس وقت رن آف کچھ بھارت کی جانب سے پاکستان میں داخل ہورہا ہے، اسی سلسلے کی وجہ سے بدھ کو اندورن سندھ تھرپارکر کے صدر مقام مٹھی میں 55 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوچکی ہے، بارش سے قبل معمول سے تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔