کراچی میں ہلکی بارش ہوتے ہی کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے

اسٹاف رپورٹر / نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 16 جولائی 2020
آج بھی بارش کا امکان،بجلی نہ ہونے سے شہری پریشان ۔  فوٹو : فائل

آج بھی بارش کا امکان،بجلی نہ ہونے سے شہری پریشان ۔ فوٹو : فائل

کراچی: شہر قائد میں بونداباندی، پھوار اور ہلکی بارش ہوتے ہی کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے دوسرے سلسلے کے تحت آج شہر میں گرج چمک کے ساتھ کہیں تیز اورکہیں ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے، بارش سے قبل شہر میں آندھی اور گردآلود تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا دوسرا سلسلہ شہر میں ایک روزہ بارشوں کا سبب بنے گا، بعدازاں سسٹم کمزور پڑنے کے بعد سمندر میں کراچی کے مغربی جانب منتقل ہوجائے گا، مون سون کے نئے سلسلے کے باعث جمعرات کی شب شہر کے مختلف علاقوں ملیر،گلستان جوہر، بہادر آباد،پی آئی بی کالونی،گلشن اقبال،طارق روڈ،لسبیلہ، گولیمار جبکہ اولڈ سٹی ایریا کے علاقوں گارڈن،رنچھوڑ لائن جبکہ سولجر بازار میں کہیں بونداباندی،پھوار اور کہیں ہلکی بارش ہوئی،چند مقامات پر تیز بارش بھی ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات سب سے زیادہ بارش گلستان جوہر میں 12.5ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، محکمہ موسمیات کے دفتر واقع یونیورسٹی روڈ پر 0.8 ملی میٹر بارش جبکہ باقی شہر میں ریکارڈ ہونے والی بارش ملی میٹر سے کم رہی۔

دریں اثنا کے الیکٹرک نے شہر میں مون سون سیزن کی دوسری بارش کو بھی شہریوں کے لیے اذیت کا باعث بنا دیا ، مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کا بوسیدہ نظام ہلکی اور تیز بارش کو حسب روایت برداشت نہ کر سکا اور کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ، اضافی گیس اور ایندھن ملنے کے باوجود کے الیکٹرک شہر میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں بری طرح سے ناکام ہوگئی۔

شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کے بعد لیاقت آباد، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، نارتھ کراچی، اسکیم 33، گلشن معمار، گلستان جوہر، سرجانی ٹاؤن، منگھوپیر، پی آئی بی کالونی، اولڈ سٹی ایریا، کراچی یونیورستی سمیت دیگر علاقوں میں بجلی فراہمی معطل ہوگئی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا آخری اطلاعات آنے تک شہر کے مختلف علاقے تاحال رات گئے تک بجلی سے محروم تھے۔

اس حوالے سے شہریوں کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی ہیلپ لائن نمبر پر بہت مشکلوں کے بعد جب رابطہ ہوا تو وہاں پر تعینات عملے کا کہنا تھا کہ کیبل فالٹ آیا ہے ہمارا عملہ کام میں مصروف ہے جلد ہی بجلی بحال کر دی جائیگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔