مہران یونیورسٹی، 2013-14 کیلیے 2 ارب 17 کروڑ کا بجٹ منظور

ایکسپریس نیوز ڈیسک  بدھ 11 دسمبر 2013
یونیورسٹی کو69 کروڑ  92لاکھ50 ہزار روپے اپنے ذرائع سے حاصل ہوںگے، ہیک سے79 کروڑ 82 لاکھ ملنے کا امکان۔ فوٹو: فائل

یونیورسٹی کو69 کروڑ 92لاکھ50 ہزار روپے اپنے ذرائع سے حاصل ہوںگے، ہیک سے79 کروڑ 82 لاکھ ملنے کا امکان۔ فوٹو: فائل

جامشورو: مہران یونیورسٹی جامشورو کا  2013-14 کے لیے دو ارب 17 کروڑ 57 لاکھ 96 ہزار روپے کا بجٹ تفصیلی بحث و مباحثے کے بعد منظور کر لیا گیا۔

بجٹ کی منظوری وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی کی زیر صدارت سینیٹ کے32 ویں اجلاس میں دی گئی۔  ڈائریکٹر فنانس نے اجلاس کو بتایا کہ 2013-14 کے تخمینے میں یونیورسٹی اپنے ذرائع سے 69 کروڑ  92لاکھ50 ہزار روپے حاصل کرے گی۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے79 کروڑ  82 لاکھ2  ہزار روپے ملنے کی توقع ہے جبکہ یونیورسٹی کے سالانہ اخراجات کا تخمینہ 2 ارب  17کروڑ 57 لاکھ 96 ہزار روپے لگایا گیا ہے جوکہ 67 کروڑ 83 لاکھ 44 ہزار روپے زیادہ ہے جس کی وجہ بہت زیادہ مہنگائی خاص طور پر تنخواہوں میں اضافہ ، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں، یوٹیلٹی بلز میں اضافہ اور حکومت کی طرف سے کم گرانٹ کا ملنا ہے۔

اجلاس میں حکومت، بالخصوص ہائر ایجوکیشن کمیشن سے اپیل کی گئی کہ  2013-14 کیلیے یونیورسٹی کے بجٹ اخراجات پورے کرنے کیلیے 67 کروڑ 83 لاکھ روپے زیادہ دیے جائیں، تاکہ بغیر کسی رکاوٹ کے خوش اسلوبی سے تدریسی اور تحقیقی عمل کو چلایا جا سکے اور مہران یونیورسٹی کا تعلیمی، تحقیقی اور بین الاقوامی رابطے کا معیار برقرار رکھا جا سکے۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے ڈینز، ڈائریکٹرز، شعبہ جات کے سربراہان، پروفیسرز، سینڈیکیٹ میں سینیٹ کے ممبران اور الحاقی کالجوں کے پرنسپلز نے شرکت کی اور یونیورسٹی کے تدریسی و تحقیقی منصوبوں کی کارکردگی کے حوالے سے تجاویز اور مشورے دیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔