مردان سے برآمد گندھارا تہذیب کا مجسمہ توڑنے والے شہری گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 جولائی 2020
تخت بھائی میں کھدائی کے دوران گندھارا تہذیب کا مجسمہ برآمد ہوا تھا فوٹو:فائل

تخت بھائی میں کھدائی کے دوران گندھارا تہذیب کا مجسمہ برآمد ہوا تھا فوٹو:فائل

مردان: خیبر پختون خوا کے ضلع مردان کے علاقہ تخت بھائی میں کھدائی کے دوران برآمد ہونے والے گندھارا تہذیب کے مجسمے کو توڑ دیا گیا۔

تخت بھائی کے علاقے میں تعمیراتی کام کے دوران مجسمہ برآمد ہوا لیکن جن مقامی شہریوں کو یہ مجسمہ ملا انہوں نے اسے توڑ دیا۔ واقعے کی وڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔

محکمہ آرکیالوجی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹوٹے پھوٹے مجسمے کو تحویل میں لے کر  توڑنے والے افراد کو گرفتار کرلیا اور تحقیقات شروع کردی ہیں۔

mardan

ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ ماہرین کی رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہوگا مجسمے کی تاریخی حیثیت کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مردان میں قبرستان سے قیمتی مجسمہ برآمد

تخت بھائی کو تخت بائی یا تخت بہائی بھی کہتے ہیں۔ یہ علاقہ بدھا تہذیب کی باقیات پر مشتمل مقام ہے جو اندازہً ایک صدی قبلِ مسیح سے تعلق رکھتا ہے جہاں سے بدھا تہذیب کی باقیات ملتی رہتی ہیں، اسی لیے اس مقام کو 1980 میں یونیسکو نے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا تھا۔

سری لنکا، کوریا اور جاپان سے بدھ مت کے پیروکار اس علاقے کا دورہ کرتے اور عبادت کرتے ہیں۔ ایک پہاڑی پر واقع ہونے کی وجہ سے اسے تخت کہتے ہیں اور ساتھ ہی دریا بہنے کی مناسب سے بہائی کہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔