پنجاب میں کرپشن ختم نہ ہونے پر وزیر اعظم کا اظہارِ برہمی

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 جولائی 2020
وزیر اعظم نے ایک روزہ دورۂ پنجاب میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کی۔ (فوٹو، آن لائن)

وزیر اعظم نے ایک روزہ دورۂ پنجاب میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کی۔ (فوٹو، آن لائن)

 لاہور: وزیراعظم عمران خان نے دورہ پنجاب کے دوران نچلی سطح پر کرپشن ختم نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے تاہم عوامی بہبود کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے  کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔ 

وزیراعظم پاکستان عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے جہاں انہوں نے ایوان وزیراعلی میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے  ملاقات کی جس میں صوبائی امورپر گفتگو ہوئی۔

وزیراعلی پنجاب نے صوبے میں آٹا گندم کی صورتحال اور انسداد کورونا اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ بلوچستان میں حکومت پنجاب کے تعاون سے منصوبوں پر بھی اعتماد میں لیا۔

عثمان بزدار پر اعتماد

حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر سردار عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واضح کردیا کہ پنجاب کے وزیراعلی سردار عثمان بزدار ہی رہیں گے۔

حکومت پنجاب کے اقدامات پر اظہار اطمینان

وزیراعظم عمران خان نے عوامی ریلیف کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے انسداد کورونا کے لئے بہترین کام کیا، حکومتی اقدامات کے باعث کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی ہوئی، اب حالات بہتر ہورہے ہیں، اسمارٹ لاک ڈاؤن پر حکومت کی جانب سے ایس او پیز پر زبردست عملدآمد کروایا گیا۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے خلاف شکایت

وزیراعظم سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔ اراکین نے وزیراعظم عمران خان کے سامنے شکایتوں کی بھرمار کردی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار صوبائی اسمبلی اراکین کو زیادہ قومی اسمبلی کی اراکین کو کم ملتے ہیں، ہمارے حلقوں کے مسائل حل نہیں ہورہے، ترقیاتی اسکیموں سے محروم ہیں۔

وزیراعلیٰ کو تحفظات دور کرنے کا حکم

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ کو ممبران اسمبلی کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی الجھن ہے اسے فوری ختم کیا جائے،بزدار صاحب آئندہ کوئی گلہ شکوہ نہیں ہونا چاہے، ممبران اسمبلی کے تحفظات درست ہیں، ترقیاتی اسکیمیں جہاں ممکن ہیں وہاں شروع کی جائیں گی، ممبران اس ضمن میں عوام الناس سے مستقل رابطے میں رہیں اور کسی بھی مسئلے کے حل کے حوالے سے درپیش انتظامی مشکل کی صورت مجھے فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔

صوبے میں کرپشن ختم نہ ہونے پر وزیراعظم برہم

عمران خان پنجاب میں کرپشن ختم نہ ہونے پر بھی برس پڑے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن سے متعلق مجھے میانوالی ،لاہور اور دیگر اضلاع سے بہت کچھ پتہ چلا ہے، پنجاب میں نچلی سطح پر کرپشن ختم ابھی تک نہ ہو سکی، ادارے کیا کر رہے ہیں، پنجاب میں کرپشن ختم کرنے کےلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

بجلی سے محروم علاقوں کو بجلی مہیا کرنے کی درخواست پر عمران خان نے کہا کہ یہ بات درست ہے جن علاقوں میں بجلی نہیں وہاں ہونی چاہیے، بجلی کی فراہمی کےلئے وفاق و صوبے ملکر کام کریں، تاکہ بچے پڑھ سکیں۔

وزیراعظم کو راوی روڈ اتھارٹی کے تحت لاہور میں نیا شہر بسانے سے متعلق بریف کیا گیا۔ عمران خان مون سون شجر کاری مہم کا آغاز بھی کرینگے،  جس میں پودے لگانے کے لیے جاپانی ٹیکنالوجی کا استعمال متعارف کروایا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات کے بعد عثمان بزدار کی تبدیلی کی افواہیں زور پکڑ گئی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔