بلوچستان میں پولیو کے ایک اور کیس کی تصدیق

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 جولائی 2020
کورونا وبا کے باعث رواں برس ملک میں انسداد پولیو کی مہم نہیں چلائی جاسکی ہے۔ فوٹو، فائل

کورونا وبا کے باعث رواں برس ملک میں انسداد پولیو کی مہم نہیں چلائی جاسکی ہے۔ فوٹو، فائل

کوئٹہ: بلوچستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق قلعہ عبداللہ کے تحصیل چمن میں 17ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثر ہونے والی بچی کے نمونے 5 جون کو حاصل کئے گئے تھے۔

گزشتہ ماہ صوبے میں ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین اور ضلع دکی کے علاقے ناصرآباد میں بھی پولیو کیسز کی تصدیق ہوئی تھی۔ محکمۂ صحت کے مطابق ان بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے گئے تھے۔

محکمہ صحت کے مطابق رواں سال کےدوران بلوچستان میں سامنے آنے والے  پولیو کیسز کی تعداد15ہوگئی ہے جب کہ ملک میں  یہ تعداد 59 ہوچکی ہے۔  واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے باعث رواں سال ملک بھر میں پولیو مہم نہیں چلائی جاسکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔