کے الیکٹرک کی جانب سے غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری

ویب ڈیسک  اتوار 19 جولائی 2020
شہر کے متعدد علاقوں میں ہفتہ اور اتوار کی شب بھی کئی کئی گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ فوٹو:فائل

شہر کے متعدد علاقوں میں ہفتہ اور اتوار کی شب بھی کئی کئی گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ فوٹو:فائل

کراچی: شہر میں کے الیکٹرک کی جانب سے ہفتہ اور اتوار کی شب بھی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق شہر قائد میں کے الیکٹرک کی جانب سے ہفتہ اور اتوار کی شب بھی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، مختلف علاقوں سے ملنے والی معلومات کے مطابق کورنگی کراسنگ ، بلدیہ اتحاد ٹاون ، قائم خانی کالونی، گلشن غازی، حوہر موڑ، پہلوان گوٹھ ، رابعہ سٹی، بھٹائی آباد، نیو کراچی سیکٹر فائیو ڈی، فائیو ای، فائیو ایف اور سیکٹر فائیو جی میں بھی کئی کئی گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

بجلی کی طویل بندش کے باعث شہریوں خصوصاً خواتین، بزرگوں اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شہریوں کی بڑی تعداد نے سخت گرمی میں رات گھر سے باہر فٹ پاتھوں اور سڑکوں پو گزاری، شہریوں کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی شکایتی نمبر پر متعدد بار فون کرنے کے باوجود شنوائی نہیں ہوئی۔

گزشتہ شب ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے مذکورہ علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی خبریں نشر ہونے کے باوجود خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی، جب کہ گزشتہ دیگر دنوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی خبر نشر ہوتے ہی ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے اپنے دفاع میں اعلامیہ جاری کردیا جاتا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔