الیکشن کمیشن کا فیصل واوڈا کیخلاف دہری شہریت کیس میں یکطرفہ کارروائی کا عندیہ

ویب ڈیسک  پير 20 جولائی 2020
اگر فیصل واوڈا کی جانب سے آئندہ سماعت پر کوئی پیش نہ ہوا تو یکطرفہ کارروائی کریں گے، الیکشن کمیشن

اگر فیصل واوڈا کی جانب سے آئندہ سماعت پر کوئی پیش نہ ہوا تو یکطرفہ کارروائی کریں گے، الیکشن کمیشن

 اسلام آباد: دہری شہریت چھپانے کے کیس میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیرآبی وسائی فیصل واوڈا کے خلاف دہری شہریت چھپانے کے الزام میں نااہلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔ فیصل واوڈا کی جانب سے کوئی بھی الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوا۔

الیکشن کمیشن نے درخواستگزاروں سے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر آپ جواب جمع کرا کے دلائل دیں۔

الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر فیصل واوڈا کی جانب سے آئندہ سماعت پر کوئی پیش نہ ہوا تو یکطرفہ کارروائی کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے درخواستگزاروں کو جواب جمع کرانے کے لیے 15 روز کی مہلت دے دی۔ گزشتہ سماعت پر فیصل واوڈا کے وکیل نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض عائد کیا تھا۔

فیصل واوڈا نے انتخابات میں این اے 249 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ان پر کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت امریکی شہریت کو چھپانے کا الزام ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔