کارکن اتحاد برقرار رکھیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں، واسع جلیل

ایکسپریس ڈیسک  بدھ 11 دسمبر 2013
ایم کیوایم کاپیغام اب عالمی سطح تک پہنچ چکا،اقلیتی امورکمیٹی کے اجلاس سے خطاب۔ فوٹو: فائل

ایم کیوایم کاپیغام اب عالمی سطح تک پہنچ چکا،اقلیتی امورکمیٹی کے اجلاس سے خطاب۔ فوٹو: فائل

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن واسع جلیل نے کہاہے کہ الطاف حسین کاحق پرستی پرمشتمل فکروفلسفہ اورنظریہ اپنے اندرانتہائی وسعت، لگائو اور کھنچائو رکھتاہے یہی وجہ ہے کہ ایم کیوایم کا پیغام سرحدوں کی قیدسے آزادہوکربین الاقوامی سطح تک پہنچ چکاہے اوراب ایم کیوایم کے خلاف سازشیں بھی اسی سطح پرہورہی ہیں۔

خورشیدبیگم سیکریٹریٹ عزیزآبادمیں ایم کیوایم شعبہ اقلیتی امور کمیٹی کے تحت ٹائون ورکنگ کمیٹیوں،یوسیزورکنگ کمیٹیوں، شعبہ خواتین اورایلڈرزونگ کے ذمے داروںکے اجلاس سے خطاب کرتے انھوں نے کہاکہ الطاف حسین نے جودرس کارکنوںکودیاہے یہ اسی کاثمرہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف ملکی اورعالمی سطح پرکی جانے والی گھنائونی سازشوں کے باوجودکارکنان متنفرنہیں ہوئے اور وہ آج بھی اپنی صفوں میں اتحادرکھے ہوئے ہیں ،جیسے جیسے بلدیاتی الیکشن قریب آرہے ہیں ویسے ویسے ایم کیو ایم کے خلاف نت نئی سازشوں کے جال بچھائے جارہے ہیں،ایم کیوایم کے خلاف آپریشن کرکے کارکنان کے خلاف جھوٹے اور من گھرٹ مقدمات قائم کیے جارہے ہیں لیکن اللہ جانتاہے کہ ایم کیوایم کے کارکنان بے گناہ ہیں اوراس کا ثبوت یہ ہے کہ عدالتوں میں کارکنان کے خلاف کوئی جرم ثابت نہیں کیاجاسکاہے۔واسع جلیل نے کارکنوں پرزور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقراررکھیں اورافواہوں پرکان نہ دھریں،ایم کیوایم اوراس کے کارکنان کل بھی متحدتھے اور آج بھی متحدہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔