ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی کا ایک اور خفیہ بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑلیا

اسٹاف رپورٹر  منگل 21 جولائی 2020
گرفتار ملزم حوالہ ہنڈی کے عالمی نیٹ ورک کا کارندہ اور منی ایکسچینج کمپنی کا مینیجر ہے، ایف آئی اے (فوٹو: ایف آئی اے)

گرفتار ملزم حوالہ ہنڈی کے عالمی نیٹ ورک کا کارندہ اور منی ایکسچینج کمپنی کا مینیجر ہے، ایف آئی اے (فوٹو: ایف آئی اے)

 کراچی: ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی کا دوسرا خفیہ بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑلیا، ملک دشمن عناصر کو فنڈز پہنچانے والا ملزم جنید  گرفتار کرلیا گیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی ونگ کی جانب سے کراچی دھوراجی کے علاقے میں کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران حوالہ ہنڈی کا دوسرا خفیہ بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑا گیا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر کو فنڈز پہنچانے والے ملزم جنید کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم حوالہ ہنڈی کے عالمی نیٹ ورک کا کارندہ اور منی ایکسچینج کمپنی کا مینیجر ہے، اس کے ذریعے بھارتی خفیہ ایجنسی ’ را ‘ کے سلیپر سیلز کو کراچی میں رقم فراہم کی جا رہی تھی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق رقم دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر ہتھیاروں کی خریداری میں استعمال ہوتی تھی، حوالہ ہنڈی کا ایک نیٹ ورک پہلے بھی پکڑا جا چکا ہے، ملزم جنید کے دیگر ساتھی دبئی میں بیٹھ کر حوالہ ہنڈی کا سسٹم چلا رہے ہیں، بھارت سے محمود صدیقی گروپ بذریعہ ای میل کراچی میں ’’را‘‘ کے ملزمان کو ٹاسک دیتے ہیں۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ای میلز نئی دہلی سے بھیجی جاتی ہیں، ایک کوڈ ورڈ آئی ڈی بھیجی جاتی ہے جسے بتا کر رقم وصول کی جاتی ہے، ملزم جنید کے قبضے سے لیپ ٹاپ، یو ایس بی اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے، گروپ کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔