امیتابھ بچن کی کورونا ٹیسٹ منفی آنے کی تردید

ویب ڈیسک  جمعرات 23 جولائی 2020
امیتابھ بچن کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر 11 جولائی کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، فوٹو : فائل

امیتابھ بچن کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر 11 جولائی کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، فوٹو : فائل

 ممبئی: لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے کورونا ٹیسٹ منفی آنے کی خبروں کی سخت الفاظ میں تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاحال اسپتال میں زیر علاج ہوں۔

بھارتی میڈیا پر امیتابھ بچن کے کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے کی خبروں سے بالی ووڈ کے بے تاج بادشاہ کے ان گنت مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی تاہم اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ان خبروں کی سختی سے تردید کردی۔

بالی ووڈ پر چار دہائیوں سے راج کرنے والے 77 سالہ امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ کورونا ٹیسٹ منفی آنے کی خبر غلط، جھوٹ اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔

دوسری جانب بچن خاندان کے ذرائع نے بھی ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ معروف اداکار اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں وہ پہلے سے کافی سے بہتر ہیں لیکن مکمل صحت یابی کے لیے کچھ دن اور انتظار کرنا ہوگا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امیتابھ بچن کے بعد ابھیشیک، ایشوریا اور بیٹی آرادھیا بھی کورونا وائرس کا شکار

واضح رہے کہ 11 جولائی کو امیتابھ بچن، ان کے صاحبزادے ابھیشک بچن، بہو ایشوریہ رائے اور پوتی آرادھیا بچن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد لیجنڈ اداکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔