عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پرعملدرآمد کے لیے پرعزم ہیں، دفترخارجہ

ویب ڈیسک  جمعرات 23 جولائی 2020
بھارت کو کلبھوشن یادیو تک تیسری قونصلر رسائی کی پیشکش کر چکے ہیں تاہم بھارت نے جواب نہیں دیا، دفترخارجہ۔ فوٹو:فائل

بھارت کو کلبھوشن یادیو تک تیسری قونصلر رسائی کی پیشکش کر چکے ہیں تاہم بھارت نے جواب نہیں دیا، دفترخارجہ۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے پر عزم ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے الحاق کے یکطرفہ و غیر قانونی فیصلہ کو 353 دن ہوگئے ہیں، جب کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بلا روک ٹوک جاری ہیں، اور دوسری جانب بھارتی فورسز نے ایل او سی پر رواں برس 1732 مرتبہ خلاف ورزیاں کیں جن میں 14 نہتے شہری شہید اور134شدید زخمی ہوئے۔ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ و عالمی آزاد مبصرین اور بین الاقوامی میڈیا کو ایل او سی تک رسائی دی، اور گزشتہ روز بھی بین الاقوامی میڈیا کو ایل او سی تک رسائی فراہم کی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف کے 17 جولائی کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے پر عزم ہے، اور پاکستان نے 2 مرتبہ کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی فراہم کی، بھارت کو کلبھوشن یادیو تک تیسری قونصلر رسائی کی پیشکش کر چکے ہیں تاہم بھارت نے جواب نہیں دیا، انسانی ہمدردی کے طور پر کلبھوشن کے والد سے اس کی ملاقات کی پیشکش بھی کی تاہم بھارت نے ابھی تک جواب نہیں دیا۔

عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ 14 جولائی کو افغان نیشنل فورسز نے افغانستان سے پاکستان میں گولہ باری کی جس میں جانی نقصان ہوا، 15 جولائی کو بھی مہمند اور باجوڑ میں افغان فورسز نے دوبارہ شیلنگ کی جس میں انسانی جانوں کا نقصان ہوا، پاکستان ضبط کا مظاہرہ کر رہا ہے اور پالیسی کے طور پر افغان سرحد پر توپخانہ اور مارٹرز کا استعمال نہیں کررہا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم لیبیا کی قومی سالمیت اور خود مختاری کے حامی ہیں اور مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی حمایت کرتے ہیں فلسطین پر ہمارا موقف اصولی ہے جس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، افغانستان کے قومی مفاہمتی. کونسل کے چئیرمین عبداللہ عبداللہ کو دورے پاکستان کے لیے انہیں دعوت دی گئی ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر کا دورہ پاکستان متوقع ہے، وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز بنگلہ دیشی ہم منصب حسینہ واجد کو ٹیلی فون کال کیا اور دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔