مقبوضہ کشمیر میں اخبار کے ساتھ ماسک بالکل مفت

ویب ڈیسک  جمعرات 23 جولائی 2020
اخبار انتظامیہ نے قارئین میں ماسک پہننے کی عادت پیدا کرنے کے لیے مفت تقسیم کیے، فوٹو : ٹویٹر

اخبار انتظامیہ نے قارئین میں ماسک پہننے کی عادت پیدا کرنے کے لیے مفت تقسیم کیے، فوٹو : ٹویٹر

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس وبا کے دوران اپنے قارئین کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی اہمیت سے آگاہ کرنے اور مہلک وائرس سے بچانے کے لیے اخبار روشنی کی انتظامیہ ایک صفحے پر ماسک چسپاں کرکے تحفتاً تقسیم کر رہی ہے۔

دنیا ہلاکت خیز کورونا وائرس سے نبرد آزما ہے، اس مہلک وائرس نے دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو متاثر کیا ہے جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد بھی لاکھوں میں ہے۔ وائرس کے خلاف ویکسین کی تیاری میں ایک سال لگ سکتا ہے تب تک اس ہولناک وائرس سے بچنے کا واحد طریقہ احتیاط ہے۔

https://twitter.com/SalmanNizami_/status/1285519019726929920?s=20

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر سے جاری ہونے والے ایک اخبار ’’ روشنی ‘‘ کی انتظامیہ نے صفحہ اول پر اشتہار کی جگہ ایک ماسک چسپاں کیا اور ساتھ ہدایت بھی تحریر کی کہ ’’ ماسک کا استعمال ضروری ہے۔ اس سے نہ صرف آپ بلکہ آپ کے آس پاس رہنے والے لوگ بھی کورونا وائرس سے بچ سکتے ہیں۔‘‘

روشنی اخبار مقبوضہ کشمیر کا مقبول اور قدیم اخبار ہے جس کی اب بھی قیمت صرف دو روپے ہے۔ سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اخبار انتظامیہ کے اقدام کو سراہا اور دیگر اداروں کو بھی اس انوکھے انداز کو اپنانے کی تجویز دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔