سندھ مدرستہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا انتخاب 4 اگست کو ہوگا

صفدر رضوی  جمعرات 23 جولائی 2020
11 شارٹ لسٹ امیدواروں میں ایک خاتون سمیت 5 موجودہ وائس چانسلرز بھی شامل ہیں۔ فوٹو:فائل

11 شارٹ لسٹ امیدواروں میں ایک خاتون سمیت 5 موجودہ وائس چانسلرز بھی شامل ہیں۔ فوٹو:فائل

کراچی: سندھ مدرستہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا انتخاب کے لئے امیدواروں کے انٹرویوز 4 اگست کو ہوں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ابتدائی درسگاہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں وائس چانسلر کے تقرر کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کے انٹرویوز 4 اگست کو ہوں گے، صوبے کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلر کے انتخاب کے لیے قائم “تلاش کمیٹی” نے منگل 4 اگست کو شارٹ لسٹ کیے گئے 11 امیدواروں کو انٹرویوز کے لیے بلایا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سندھ مدرستہ یونیورسٹی؛ وائس چانسلر کے لیے 11 امیدوار شارٹ لسٹ

شارٹ لسٹ کئے گئے امیدواروں میں سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے موجودہ قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ، سکھر یونیورسٹی کی قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین حسین، لیاری یونیورسٹی(شہید بینظیر بھٹو) کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ، سندھ یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح برفت اور ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب الدین میمن شامل ہیں، جب کہ 6 امیدوار اس کے علاوہ ہیں۔

واضح رہے کہ  انٹرویوز اسکروٹنی کے عمل کے تقریبا ڈیڑھ ماہ بعد ہورہے ہیں، شارٹ لسٹنگ کے لیے اسکروٹنی 23 جون کو ہوئی تھی، سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں وائس چانسلرز کے عہدے کے لیے کل 29 امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔