آئی پی ایل کے دوران روزانہ کورونا ٹیسٹ کروانے کی تجویز

عباس رضا  ہفتہ 25 جولائی 2020
 بائیو سیکیورٹی پر سب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، نیس واڈیا

بائیو سیکیورٹی پر سب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، نیس واڈیا

آئی پی ایل کے دوران کھلاڑیوں اور معاون aسٹاف کے روزانہ کورونا ٹیسٹ کروانے کی تجویز سامنے آگئی.

مجوزہ شیڈول کے مطابق یو اے ای میں 19 ستمبر سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ کیلیے ایس او پیز کی تیاری بھی کی جارہی ہے، آئی پی ایل کی فرنچائز کنگز الیون پنجاب کے شریک مالک نیس واڈیا کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کو محفوظ اور کامیاب بنانے کیلیے کرکٹرز اور معاون اسٹاف کے جتنے  ممکن ہوں  کورونا ٹیسٹ کیے جائیں۔

نیس واڈیا کا کہنا تھا کہ روزانہ کیے جائیں تو بہت ہی اچھا ہوگا، اگر میں کرکٹر ہوتا تو بڑی خوشی سے روزانہ ٹیسٹنگ کے لیے آمادہ ہوجاتا، سیمپل حاصل کرنے کا آسان سا طریقہ ہے، اس میں کسی کو پریشانی نہیں ہوگی، میدان کے اندر اور باہر سخت ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بائیو سیکیورٹی پر سب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے لیکن دیکھنا یہ ہوگا کہ8 ٹیموں کو ایک محفوظ ماحول دینا کیسے ممکن ہوگا، بی سی سی آئی کی جانب سے ایس او پیز کا انتظار کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ پالیسی کے مطابق اپنے ملک میں کورونا ٹیسٹ منفی ہونے کی رپورٹ حاصل کرنے والے ہی یو اے ای کا رخ کریں تو ان کو یہاں بھی کلیئرنس کی ضرورت ہوگی، دونوں ٹیسٹ منفی آنے پر قرنطینہ کی ضرورت نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔