خیبرپختونخوا حکومت کا دینی مدارس میں بھی کھیلوں کے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

احتشام بشیر  پير 27 جولائی 2020
جامعہ دارالعلوم حقانیہ نوشہرہ میں بیڈمنٹن کورٹ کی تعمیر پر 93 لاکھ روپے لاگت آرہی ہے فوٹو: فائل

جامعہ دارالعلوم حقانیہ نوشہرہ میں بیڈمنٹن کورٹ کی تعمیر پر 93 لاکھ روپے لاگت آرہی ہے فوٹو: فائل

 پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے دینی مدارس میں بھی کھیلوں کے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں جامعہ دارالعلوم حقانیہ نوشہرہ میں طلباء کے لیے بیڈمنٹن کورٹ کی تعمیر شروع کردی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے نئے مالی سال کے بجٹ میں خطیر فنڈز مختص کیے ہیں اس کے ساتھ ہی وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ہدایت پر صوبے میں دینی مدارس کے طلباء کو بھی کھیلوں کی سرگرمیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جامعہ دارلعلوم حقانیہ نوشہرہ میں بیڈمنٹں کورٹ بنایا جارہاہے۔

محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کی طرف بیڈمنٹن کورٹ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، اس حوالے سے اسپورٹس ڈائریکٹریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ صوبے میں دینی مدارس کے حوالے سے سروے کیا جارہا ہے اور دینی مدارس کے منتظمین کی مشاورت سے وہاں کھیلوں کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

ڈی جی اسپورٹس اسفندیار خٹک نے ایکسپریس کو بتایا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پورے صوبے میں کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیں، کھلاڑیوں کے ساتھ طلباء اور طالبات کو بھی کھیلوں کی سہولیات فراہم کررہے ہیں وزیراعلی محمود خان کی ہدایت پر دینی مدارس میں کھیلوں کی سہولیات کے مںصوبے شروع کیے جارہے ہیں، جامعہ دارالعلوم حقانیہ نوشہرہ میں بیڈمنٹن کورٹ کی تعمیر شروع کردی گئی ہے جس پر 93 لاکھ روپے لاگت آرہی ہے اور اسی طرح جس دارالعلوم میں جگہ کی گنجائش ہوگی وہاں اسپورٹس ڈائریکٹریٹ کھیلوں کی سہولت فراہم کرے گی، مردان میں خصوصی افراد کے لیے اسپورٹس گراونڈ بنارہے ہیں، اسی طرح ہر ڈویژن میں خواتین کے لیے انڈور جمنزیم بنارہے ہیں اور طالبات کالجز میں اسکواش کورٹ بھی شروع کیے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔