امریکا میں طیارہ گھر پر گر کر تباہ، 9 ماہ کی بچی سمیت 3 ہلاک

ویب ڈیسک  پير 27 جولائی 2020
3 مسافر اور گھر میں موجود ایک خاتون شدید زخمی ہوئیں، فوٹو : ٹویٹر

3 مسافر اور گھر میں موجود ایک خاتون شدید زخمی ہوئیں، فوٹو : ٹویٹر

یوٹاہ: امریکا میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ گھر کے پچھلے حصے میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 9 ماہ کی بچی سمیت تین افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ریاست یوٹاہ میں چھوٹا طیارہ پائپر پی اے-32 تکنیکی خرابی کے باعث ہچکولے کھاتے ہوئے ایک گھر کے پچھلے حصے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے میں 6 افراد سوار تھے جب کہ حادثے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی۔

ریسکیو اداروں نے طیارے سے تین افراد کی لاشیں نکالیں جب کہ دیگر 3 کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا۔ طیارہ جس جگہ گرا وہاں موجود ایک 72 سالہ خاتون بھی شدید زخمی ہوگئیں اور ان کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 43 سالہ پائلٹ وائیک آف، 36 سالہ میلڈا شی بونس اور 9 ماہ کی بچی شامل ہے جب کہ زخمی مسافروں میں 2 اور 12 سالہ بچوں سمیت پائلٹ کی اہلیہ بھی شامل ہیں۔ تینوں افراد بری طرح جھلس گئے ہیں۔

یوٹاہ پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کی وجوہات کا تعین نہیں  ہوسکا ہے تاہم ابتدائی طور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے طیارے میں کوئی تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی تھی۔ طیارہ گرنے سے تین گھروں کو نقصان پہنچا ہے جب کہ تحقیقات کے لیے فیڈرل سول ایوی ایشن نے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔