’’ بھابھی جی پاپڑ‘‘ کورونا کا بہترین علاج ہیں، بھارتی وزیر

ویب ڈیسک  پير 27 جولائی 2020
پاپڑ میں کورونا سے لڑنے کے طاقت ور عناصر موجود ہیں، نائب وزیر آبی وسائل (فوٹو: ٹویٹر)

پاپڑ میں کورونا سے لڑنے کے طاقت ور عناصر موجود ہیں، نائب وزیر آبی وسائل (فوٹو: ٹویٹر)

نئی دہلی: بھارت کے مرکزی نائب وزیر برائے آبی وسائل ارجن رام میگھاول کورونا کے علاج کے لیے گھر میں تیار کیے گئے پاپڑ بیچنے لگے۔  

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان سے بی جے پی کے رکن پارلیمان اور مرکزی نائب وزیر ارجن رام میگھاول نے ’’بھابھی جی‘‘ کے نام سے پاپڑ کی مارکیٹنگ شروع کی ہے، اُن کا دعویٰ ہے کہ یہ پاپڑ کورونا کا شافی علاج ہیں اس لیے تمام شہریوں کو یہ پاپڑ ضرور کھانے چاہئیں۔

بھابھی جی پاپر کی تشہیر کے دوران نائب وزیر آبی وسائل ارجن رام میگھاول کا کہنا تھا کہ اس پاپڑ میں کورونا وائرس سے لڑنے کی طاقت پیدا کرنے والے تمام عناصر موجود ہیں جو قوت مدافعت میں اضافہ کریں گے۔ ان کی تشہیری مہم سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

صارفین کا کہنا تھا کہ بابا رام دیو کے بعد اب وزرا بھی کورونا وبا کا فائدہ اٹھانے کے لیے معصوم شہریوں کو دھوکہ دے رہے ہیں اور شرمناک طور پر منافع کما رہے ہیں۔ بوگس علاج کے ذریعے عوام کو لُٹا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ مودی سرکار کی کورونا وبا سے نمٹنے کی پالیسی بری طرح ناکام ہوگئی ہے جس کے باعث بھارت دنیا بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔