طالبان حملے پر افغان آرمی کے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ ، 5 اہلکار زخمی

ویب ڈیسک  پير 27 جولائی 2020
ہیلی کاپٹر سرچ آپریشن کے لیے صوبے ہیلمند گیا تھا، فوٹو : فائل

ہیلی کاپٹر سرچ آپریشن کے لیے صوبے ہیلمند گیا تھا، فوٹو : فائل

کابل: افغانستان میں مبینہ طالبان حملے کے باعث آرمی ہیلی کاپٹر کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبے ہلمند کے جنوبی علاقے میں جنگی ہیلی کاپٹر بلیک ہاک کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جس کے دوران ہیلی کاپٹر میں موجود 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں دو زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

ہلمند کے گورنر کے ترجمان عمر زواک نے میڈیا کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا تاہم آزاد سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر کو مبینہ طور پر طالبان نے نشانہ  بنایا تھا۔ طالبان نے حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی تاہم جس علاقے میں ہیلی کاپٹر کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی وہ طالبان کے زیر اثر ہے۔

طالبان اور کابل کے حکومت کے درمیان امریکی معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے دونوں کی جانب سے ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ کابل حکومت کے مطابق رہائی پانے والے اسیر جنگجو دوبارہ عسکری کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں جب کہ طالبان نے الزام عائد کیا کہ افغان سیکیورٹی اہلکار رہا ہونے والے طالبان کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔