برطانیہ ؛ پالتو بلی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

ویب ڈیسک  پير 27 جولائی 2020
قبل ازیں نیویارک میں بھی پالتو بلیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، فوٹو : فائل

قبل ازیں نیویارک میں بھی پالتو بلیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، فوٹو : فائل

 لندن: برطانیہ میں ایک پالتو بلی میں شک کی بنیاد پر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا گیا جس میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ملک میں پہلی بار کسی جانور میں کووڈ-19 کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کو پالتو جانوروں کو ہاتھ لگانے یا گود میں لینے کے بعد لازمی ہاتھ دھونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

برطانوی کے چیف وٹرنری ڈاکٹر نے پالتو بلی میں کووڈ-19 کی تصدیق کرتے ہوئے  کہا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ کسی جانور نے طبی علامات ظاہر کی ہیں۔ متاثرہ بلی کے جلد صحت یاب ہونے کے امکانات ہیں۔

چیف وٹرنری نے مزید بتایا کہ تاحال پالتو جانور سے انسانوں میں کورونا وائرس کے منتقل ہونے کے شواہد نہیں ملے ہیں لیکن  اس کے باوجود ہم صورت حال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں، شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں نہیں ڈالیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل برطانوی حکومت کا پالتو جانوروں کے مالکان کو بے فکر رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پالتو جانوروں سے کورونا وائرس کے انسانوں یا دوسرے جانوروں میں منتقلی کے ٹھوس شواہد نہیں ملے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔