شہر قائد میں 24 گھنٹے کے دوران 120 ملی میٹربارش ریکارڈ

اسٹاف رپورٹر  پير 27 جولائی 2020
کراچی میں شدید بارش کے بعد ایک سڑک کا منظر (فوٹو : فائل)

کراچی میں شدید بارش کے بعد ایک سڑک کا منظر (فوٹو : فائل)

 کراچی: شہر قائد میں 24 گھنٹے کے دوران 120 ملی میٹر(سوا چار انچ) بارش ریکارڈ ہوئی، سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 34 ملی میٹر ہوئی، مون سون کا تیسرا اسپیل منگل کو صبح سمندر میں ختم ہوجائے گا، اگلے چند روز تک سسٹم کے اثرات کی وجہ سے شہر میں بوندا باندی اور پھوار ہونے کی توقع ہے۔

یہ پڑھیں : شدید بارش سے آدھا کراچی ڈوب گیا، بجلی غائب اور بدترین ٹریفک جام، 8 افراد جاں بحق

محکمہ موسمیات کے مطابق پیرکو دوسرے روز بھی مون سون سسٹم کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز اور کہیں معتدل بارشیں ہوئیں، شہر کے بیشتر علاقوں میں بارش کے بجائے تیز دھوپ نکلی رہی۔

موسمیات کے مطابق اتوار کو گلشن حدید میں 86.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی مگر وہاں پیر کو صرف 0.4 ملی میٹر بارش (آدھے ملی میٹر سے بھی کم) ریکارڈ ہوئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں 120 ملی میٹر(سوا چارانچ ) بارش ریکارڈ ہوئی۔ بارش کا سلسلہ دوپہر کو شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جاری رہا۔

اس دوران نارتھ کراچی، ناظم آباد، سخی حسن، فائیو اسٹار چورنگی، کے ڈی اے چورنگی، قلندریہ، بفرزون، بورڈ آفس، اورنگی ٹاون، بلدیہ، پاور ہاؤس چورنگی، عائشہ منزل، فیڈرل بی ایریا اورحسین آباد سمیت دیگر علاقوں میں کہیں تیز جبکہ کچھ علاقوں میں معتدل بارش ہوئی یا بوندا باندی اور پھوار پڑی۔

پیر کو سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 34 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، گلستان جوہر 10.2، نارتھ کراچی 8.8، اولڈ ائر پورٹ 1.8، جناح ٹرمینل 0.8 اور سرجانی ٹاون میں 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ بیس مسرور، بیس فیصل، گلشن حدید، صدر، لانڈھی اور کیماڑی میں بارش نہیں صرف بوندا باندی ہوئی۔

چیف میٹرو لوجسٹ محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق بارش دینے والا مون سون کا اسپیل کافی حد تک کمزور پڑچکا ہے تاہم اس سسٹم کا ٹرف (ایک حصہ) ابھی بھی شہر کی فضاؤں میں موجود ہے۔ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح بارش کا سبب بننے والا سلسلہ سمندر میں ختم ہوجائے گا جس کے بعد شہر میں مزید تیز بارشوں کا امکان ختم ہوجائے گا تاہم اگلے دوروز کے دوران مون سون سلسلے کے اثرات کی وجہ سے شہر میں کہیں ہلکی بارش اور بوندا باندی اور کہیں پھوار پڑسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.2 ڈگری ریکارڈ ہوا کم سے کم پارہ 24.5 ڈگری رہا۔ سمندر کی جنوب مغربی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب  92 اور شام کے وقت 82 فیصد رہا۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ منگل کو شہر کا مطلع ابر آلود رہنے اور شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور پھوار پڑنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔