صرف ’سونگھ‘ کر کورونا وائرس کا سراغ لگانے والے کتے

ویب ڈیسک  جمعرات 30 جولائی 2020
کورونا وائرس کا سراغ لگانے میں ان کتوں کی کارکردگی 94 فیصد رہی ہے۔ (فوٹو: یونیورسٹی آف ہینوور، جرمنی)

کورونا وائرس کا سراغ لگانے میں ان کتوں کی کارکردگی 94 فیصد رہی ہے۔ (فوٹو: یونیورسٹی آف ہینوور، جرمنی)

میونخ: جرمن سائنسدانوں نے سراغ رساں کتوں کو اس انداز سے تربیت دی ہے کہ وہ کسی شخص سے لیے گئے نمونے کو صرف سونگھ کر بتا سکتے ہیں کہ اس میں کورونا وائرس موجود ہے یا نہیں۔ کورونا وائرس کا سراغ لگانے میں ان کتوں کی کارکردگی 94 فیصد ہے۔

اوپن ایکسس ریسرچ جرنل ’’بی ایم سی انفیکشس ڈزیزز‘‘ کے تازہ آن لائن شمارے میں جرمنی کی ہینوور یونیورسٹی کے ماہرین کی ایک پائلٹ اسٹڈی شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 8 سراغ رساں کتوں کو اضافی طور پر کورونا وائرس سے متاثرہ نمونوں کو سونگھ کر شناخت کرنے کےلیے ایک ہفتے تک تربیت دی گئی۔

اس دورانِ انہیں لعابِ دہن (تھوک) اور پھیپھڑوں میں سے لیے گئے لعاب کے 1,012 نمونے سنگھا کر کورونا وائرس کی موجودگی شناخت کرنے کے قابل بنایا گیا۔

اگلے مرحلے میں آزمائش کی غرض سے ان کے سامنے کئی ایسے نمونے رکھے گئے جن میں سے کچھ صحت مند تھے اور کچھ ناول کورونا وائرس سے متاثرہ تھے۔ خود اس تجربے میں شریک افراد کو بھی ان نمونوں کی اصلیت کے بارے میں معلوم نہ تھا کہ وہ کورونا وائرس سے متاثرہ ہیں یا غیر متاثرہ۔

کتوں کی کارکردگی حیرت انگیز رہی کیونکہ آزمائش میں انہوں نے 1,012 نمونوں میں سے 949 کو بالکل درست طور پر شناخت کیا؛ اور اس طرح صرف سونگھ کر کورونا وائرس کا سراغ لگانے میں ان کی کارکردگی 94 فیصد رہی۔

واضح رہے کہ حساس مقامات، بالخصوص ہوائی اڈوں پر کتوں کی مدد سے پوشیدہ دھماکا خیز مواد اور منشیات کا پتا لگانا آج ایک معمول کی بات ہے۔

کتوں میں سونگھنے کی اسی حیرت انگیز اور غیرمعمولی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اب طبّی ماہرین نے بھی کوششیں شروع کردی ہیں کہ ان کی مدد سے کینسر اور ملیریا سمیت کئی بیماریوں کو بھی صرف سونگھ کر شناخت کیا جاسکے؛ کیونکہ اس سے وقت اور سرمائے، دونوں کی بہت بچت ہوگی۔

تاہم اب تک کتوں کے ذریعے بیماریوں کی تشخیص باضابطہ طور پر اختیار نہیں کی جاسکی ہے۔ جرمن ماہرین کی کوشش بھی اگرچہ امید افزاء ہے لیکن ابھی اس کے وسیع تر پیمانے پر استعمال میں کئی دوسری پیچیدگیوں کا حل کرنا ضروری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔