ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی واپسی، مطالبات بڑھنے لگے

عباس رضا  جمعـء 31 جولائی 2020
فیصلے پر نظر ثانی کی جائے، رکن قومی اسمبلی کاچیئرمین پی سی بی کو خط۔ فوٹو: فائل

فیصلے پر نظر ثانی کی جائے، رکن قومی اسمبلی کاچیئرمین پی سی بی کو خط۔ فوٹو: فائل

لاہور: ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی واپسی کیلیے مطالبات بڑھنے لگے جب کہ رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو خط لکھ دیا۔

رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو خط میں لکھاکہ گذشتہ کئی دہائیوں میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ نے ایک نرسری کا کردار ادا کیا، سرگرمیوں کا پی سی بی پر مالی بوجھ بھی نہیں پڑا، ایک طرف حکومت پہلے ہی معاشی بحران کا شکار اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بھی ملازمتیں دینے کے قابل نہیں، ان حالات میں آپ کے فیصلے نے پاکستان کرکٹ کا مستقبل سمجھے جانے والے ایک ہزار کے قریب نوجوان بے روزگار کر دیے، کھیل کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا، مالی مسائل کی وجہ سے کرکٹرز اپنے کھیل پر توجہ مرکوز نہیں رکھ پائیں گے، میری تجویز ہے کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ بحال کر دی جائے۔

انھوں نے کہا کہ محکمہ جاتی ٹیموں کے لیے گریڈ ٹو طرز کا ٹورنامنٹ متعارف کرایا جائے، اس سے کرکٹرز کی ملازمتیں بچ جائیں گی اور وہ اپنی پوری توجہ کھیل پر مرکوز رکھیں گے، پی سی بی اور پاکستان کرکٹ کا بھی بھلا ہو گا۔

اقبال محمد علی نے موقف اختیار کیاکہ گریڈ ٹو طرز کے ڈپارٹمنٹل مقابلے کرانے سے نئے اسٹرکچر کے تحت بنائی جانے والی6 ایسوسی ایشنز کے لیے بھی کوئی مسائل نہیں ہوں گے، امید ہے کہ پی سی بی اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے محکمہ جاتی کرکٹ بحال کرے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔