یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء کی خریداری میں بدعنوانی کا انکشاف

ویب ڈیسک  جمعـء 31 جولائی 2020
یوٹیلیٹی اسٹورز پر اور بھی بے ضابطگیوں ہیں جن کی تفصیلات دوران تحقیق بتائی جائیں گی، چئیرمین یوٹیلیٹی اسٹورز بورڈ۔ فوٹو:فائل

یوٹیلیٹی اسٹورز پر اور بھی بے ضابطگیوں ہیں جن کی تفصیلات دوران تحقیق بتائی جائیں گی، چئیرمین یوٹیلیٹی اسٹورز بورڈ۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: ملک بھر کے  یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے خورد و نوش کی خریداری میں خورد برد کا انکشاف ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چئیرمین یوٹیلیٹی اسٹورز بورڈ ذوالقرنین خان نے ڈی جی ایف آئی اے کو خط لکھا ہے جس میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء خوردونوش کی خریداری میں خوردبرد کا انکشاف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں تحقیقات کرے۔

خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن نے سستی چینی خریدنے کے باوجود نہ اٹھائی اور 67 اور 70 روپے فی کلو خریدی گئی، چینی پر مہنگی چینی کو ترجیح دی گئی اور سستی چینی خرید کر اٹھانے کے بجائے مہنگی چینی خریدی، بورڈ کی منظوری کے بغیر 2 ہزار 602 عارضی ملازمین ماہ رمضان کے دوران تعینات کیے گئے، انتظامیہ کی طرف نئے اسٹورز کھولنے کے لیے بورڈ کو بزنس پلان شئیر نہیں کیا گیا۔

خط میں بتایا گیا ہے کہ نومبر 2018ء میں یوٹیلیٹی اسٹورز کا نیا بورڈ تشکیل دیا گیا، نومبر 2018ء میں یوٹیلیٹی اسٹورز 8 ارب کے خسارے میں اور دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، اسٹورز کو چلانے کے لیے نیشنل بینک سے قرض لیا گیا، حکومت نے اسٹورز کو چلانے کے لیے 31 ارب 50 کروڑ کے فنڈز دئیے، یوٹیلیٹی اسٹورز کی بے ضابطگیوں کی خبروں کے بعد وزیراعظم نے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور یوٹیلیٹی اسٹورز میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات ایف آئی اے سے کرانے کا حکم دیا گیا تھا۔

خط میں درخواست کی گئی ہے کہ اسٹورز پر جولائی 2019ء سے جون 2020ء کے دوران ہونے والی سیلز کی انکوائری کی جائے، ای سی سی کی طرف سے یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے دو لاکھ ٹن گندم کی انکوائری کی جائے، وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت دال، گھی ، آئل اور چاول کی خریداری اور وزیراعظم ریلیف فنڈز کے استعمال اور اس کی مانیٹرنگ کی تحقیقات کی جائیں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے کی جانے والی انونٹری کی تحقیقات کی جائیں، یوٹیلیٹی اسٹورز پر مہنگی خریداری کی تحقیقات کرے، ایف آئی اے یوٹیلیٹی اسٹورز میں خوردبرد اور تعیناتیوں پر تحقیقات کرے، یوٹیلیٹی اسٹورز پر اور بھی بے ضابطگیوں ہیں جن کی تفصیلات دوران تحقیق بتائی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔