ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا پہلا روز مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 اگست 2020
نماز عید کی ادائیگی کے بعد لوگوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے الله کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی . فوٹو : فائل

نماز عید کی ادائیگی کے بعد لوگوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے الله کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی . فوٹو : فائل

ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا پہلا روز مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا اور لاکھوں فرزندان اسلام حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر عمل کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید الاضحیٰ کی نماز کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں علمائے کرام فلسفہ قربانی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد امت مسلمہ کی یکجہتی، وطن کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور کورونا وباء کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی۔ نماز عیدالاضحیٰ کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے الله کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی گئی۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری مساجد اور عید گاہوں کے باہر تعینات رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔