تُرک صدر کا پاکستانی ہم منصب اور وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلیفون پر رابطہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 اگست 2020
گفتگو میں باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فوٹو، فائل

گفتگو میں باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فوٹو، فائل

 اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ترک صدر رجب طیب اردوان  نے ٹیلی پر رابطہ کیا ہے جس میں قومی  رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید الاضحی کی مبارک باد پیش کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

تفصیلات کے مطابق ترک صدر نے پاکستانی ہم منصب ڈاکٹر عارف علوی کو کورونا وبا کے خاتمے پر ترکی کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ اس موقعے پر صدر پاکستان نے پاکستان اور ترکی میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی وبا کی شدت میں کمی آنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کوویڈ19 کے خلاف جنگ میں معاونت فراہم کرنے پر ترکی کے کردار کو سراہا اور عالمی سطح پر اس وبا کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

صدر عارف علوی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں صدر اردگان کے کشمیر پر پرزور اور واضح موقف پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں ںے کہا کہ اُمید ہے ترکی کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنی اصولی آواز اٹھائے گا۔ صدر علوی نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ملکی مفادات پر مستقل حمایت اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پالیسی جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں بھی قابض حکومتیں فلسطین اور کشمیر میں اپنا ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بھارتی مسلمان خوف اور امتیازی سلوک کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔ صدر عارف علوی نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار پر روشنی ڈالی۔

اس سے قبل وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والی ٹوئٹ کے  مطابق وزیر اعظم عمران خان کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون کیا۔ اس دوران ہونے والی گفتگو میں باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقعے پر وزیرا عظم پاکستان عمران خان نے دونوں ممالک کے مابین تمام شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے ترکی کے کردار اور مقبوضہ کشمیر پر ترک صدر کی پاکستانی مؤقف کی تائید اور ثابت قدمی کو سراہا۔

تینوں قومی رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد پیش کی اور عوام کے لیے نیک خواہشاتہ کا اظہار کیا۔ صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے  ںے ترکی کے صدر طیب اردوان کو استنبول میں آیا صوفیہ کی تاریخی مسجد کھولنے پر مبارک باد بھی پیش کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔