کورونا وبا؛ کویت کی پاکستان سمیت 31 ممالک کیلیے کمرشل فلائٹس پر پابندی

ویب ڈیسک  اتوار 2 اگست 2020
پاکستان، بھارت، چین، برازیل، میکسیکو اور برازیل سمیت 31 ممالک پر پابندیاں عائد۔ فوٹو : فائل

پاکستان، بھارت، چین، برازیل، میکسیکو اور برازیل سمیت 31 ممالک پر پابندیاں عائد۔ فوٹو : فائل

کویت سٹی: کویت نے کورونا وبا کی وجہ سے 31 ممالک کے لیے سفری پابندیاں عائد کردی ہیں جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کویت کے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن نے ملک میں کمرشل فلائٹس کی جزوی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستان، بھارت، چین، ایران، برازیل، اٹلی اور سری لنکا سمیت 31 ممالک کے لیے کمرشل فلائٹس پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔

کویت کی سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اُن ممالک کی کمرشل فلائٹس پر پابندی عائد کی گئی ہے جہاں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد زیادہ ہے اور اس بنیاد ان ممالک کو وبا کے پھیلاؤ کے حوالے سے بڑا خطرہ سمجھا جاتا ہے۔ آنے والے مہینوں میں کمرشل فلائٹس میں آہستہ آہستہ اضافہ کیا جائے گا۔

قبل ازیں عالمی ادارہ صحت نے بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں نتدریج فضائی سفر کی بحالی پر خبردار کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ کورونا وائرس کے پھیلنے کا خطرہ اب بھی موجود ہے اس لیے صرف انتہائی ضروری سفر کو مکمل احتیاطی تدابیر کے ساتھ ترجیح دینی چاہیے۔

واضح رہے کہ کویت میں کورونا وائرس کے 67 ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 400 سے زائد اموات واقع ہوچکی ہیں اور حال ہی میں کویت نے جزوی کمرشل فلائٹس کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔