امریکا، بھارت اور برازیل کورونا وائرس کے گڑھ بن گئے

ویب ڈیسک  پير 3 اگست 2020
ان ممالک میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے، فوٹو : فائل

ان ممالک میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے، فوٹو : فائل

 لندن: امریکا، بھارت اور برازیل میں کورونا وبا تشویشناک حد تک تیزی سے پھیل رہی ہے اور یومیہ 50 ہزار کے لگ بھگ نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔ 

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق کورونا وائرس نے دنیا بھر میں اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے تاہم کئی ممالک میں اب یہ وبا دم توڑتی نظر آرہی ہے لیکن اس مہلک وائرس نے امریکا، بھارت اور برازیل کو اب بھی بری طرح جکڑا ہوا ہے جہاں یومیہ نئے کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

بی بی سی کے مطابق مذکورہ تینوں ممالک میں یومیہ 50 سے 60 ہزار نئے کیسز سامنے آرہے ہیں جب کہ ایران میں بھی کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے تاہم سرکاری سطح پر بتائے گئے اعداد وشمار کم ہیں۔ اصل تعداد سرکاری اعداد وشمار سے تین گنا زیادہ ہیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں امریکا میں مزید 49 ہزار نئے کیس سامنے آئے۔ جس کے ساتھ مریضوں کی مجموعی تعداد 48 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے، اسی طرح بھارت میں ایک دن کے دوران 54 ہزار نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 18 لاکھ ہوگئی ہے۔ برازیل میں بھی کورونا وائرس کے 50 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔