کورونا، مہنگائی اوربے روزگاری؛ عیدالاضحی پررواں سال قربانی میں 9 فیصد کمی

احتشام مفتی  پير 3 اگست 2020
ملک میں مجموعی طورپر73 لاکھ مویشیوں کی قربانی ہوئی جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 80 لاکھ تھی۔

ملک میں مجموعی طورپر73 لاکھ مویشیوں کی قربانی ہوئی جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 80 لاکھ تھی۔

 کراچی: کورونا وبا کے باعث آمدنی گزشتہ چھ ماہ کے دوران کم ہونے سمیت بیروزگاری کی وجہ سے رواں سال عیدالاضحی کے موقع پرگزشتہ سال کی نسبت 9 فیصد کم قربانی کی گئی۔

عالمی وبا کورونا کے باعث آمدن میں کمی اور بیروزگاری بڑھنے کی  وجہ سے رواں سال عیدالاضحی کے موقع پر گزشتہ سال کی نسبت 9 فیصد کم قربانی کی گئی۔ ملک میں مجموعی طورپر73 لاکھ مویشیوں کی قربانی ہوئی جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 80 لاکھ تھی۔ رواں سال عیدالاضحی کے موقع پر28 لاکھ گائے بیل، 36 لاکھ بکرے، 8لاکھ دمبے/بھیڑ اور1 لاکھ اونٹ قربانی کیے گئے۔

پاکستان ٹینرزایسوسی ایشن کے نمائندے گلزارفروزنے ایکسپریس کو بتایا کہ عالمی مارکیٹ چمڑے کی ڈیمانڈ کم ہونے سے ملک رواں سال عید سیزن میں کھالوں کی قیمتوں میں بھی 20 تا 46 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال گائے بیل کی کھال کی قیمت 700 تا 800 روپے ہے۔ بکرے کی فی کھال کی قیمت 150 روپے، دمبے یا بھیڑکی فی کھال کی قیمت 80 روپے جبکہ اونٹ کی فی کھال کی قیمت 400 روپے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ امریکا، یورپ، چین سمیت دنیا کے دیگر میں لیدرفیشن اور لیدرشوزکا رحجان محدود ہونے سے دنیا بھر میں لیدر کی ڈیمانڈ میں 50 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ دنیا بھرکے نوجوان اب فیبرک جوگرز اورٹیکسٹائل جوگرزکے استعمال کو ترجیح دینے لگے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وبا 6 ماہ سے ذرائع آمدن متاثر ہونے سے رواں سال کھالوں کا کاروبار2 ارب روپے گھٹ گیا ہے۔ گزشتہ عیدالاضحی کے سیزن میں 5 ارب روپے مالیت کے کھالوں کا کاروبارہوا تھا جبکہ اس سال صرف 3 ارب روپے کا کاروبارہوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔