شمالی کوریا بیلسٹک میزائل میں نصب ہونے والے جوہری آلات بنا رہا ہے، اقوام متحدہ

ویب ڈیسک  منگل 4 اگست 2020
گزشتہ 6 ایٹمی تجربات سے شمالی کوریا یہ جوہری آلات بنانے میں کامیاب رہا، رپورٹ (فوٹو: فائل)

گزشتہ 6 ایٹمی تجربات سے شمالی کوریا یہ جوہری آلات بنانے میں کامیاب رہا، رپورٹ (فوٹو: فائل)

پیانگ یانگ: اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ شمالی کوریا نے ممکنہ طور پر بیلسٹک میزائل میں فٹ ہونے والے جدید جوہری آلات تیار کیے ہیں جن کی مدد سے ہدف کو بآسانی تباہ کیا جا سکتا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی پابندیوں کی نگرانی کرنے والے ماہرین کے ایک آزاد پینل کی خفیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا پچھلے 6 ایٹمی تجربوں کی مدد سے چھوٹے جوہری آلات تیار کرنے میں کامیاب ہوگیا جسے وہ بیلسٹک میزائل کے وار ہیڈز میں فٹ کریں گے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے ستمبر 2017 کے بعد سے ایٹمی تجربہ نہیں کیا لیکن جوہری تجربات پر عائد پابندیوں کے باوجود خفیہ طور پر جوہری میزائل و آلات کی تیاری جاری رکھی۔ اقوام متحدہ کے ماہرین کی یہ عبوری رپورٹ سلامتی کونسل کی شمالی کوریا کی پابندیوں سے متعلق 15 رکنی کمیٹی کے پاس جمع کرادی گئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے رپورٹ سے متعلق سلامتی کونسل کی متعلقہ کمیٹی کا موقف کا جاننے کے لیے رابطہ کیا تاہم اقوام متحدہ کی جانب سے اس معاملے پر کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا گیا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب ماہرین نے خبردار کیا ہو کہ شمالی کوریا ایٹمی وار ہیڈ بنانے میں کامیاب ہوگیا ہے، 2017 میں امریکہ کے ایک انٹلیجنس جائزے میں بھی یہ نتیجہ اخذ کیا گیا تھا کہ اسی طرح 2019 میں جاپانی حکومت کے دفاعی وائٹ پیپر میں بھی ایسا ہی انکشاف کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا کے حکمران کم جونگ ان نے گزشتہ ہفتے دعویٰ کیا تھا کہ اب مزید جنگ نہیں ہوگی کیونکہ غیر ملکی بیرونی دباؤ اور فوجی دھمکیوں کے باوجود ملک کے جوہری ہتھیاروں نے سرزمین کی حفاظت اور مستقبل کی ضمانت دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔