برازیل میں کتا کاروں کے شو روم میں سیلزمین بن گیا

ویب ڈیسک  منگل 4 اگست 2020
کتے نے اپنی بہترین کارکردگی سے گاہکوں کے دل جیت لیے، فوٹو : انسٹاگرام

کتے نے اپنی بہترین کارکردگی سے گاہکوں کے دل جیت لیے، فوٹو : انسٹاگرام

برازیلیا: برازیل میں گاڑیاں بنانے والی کمپنی ہنڈائی نے ایک کتے کو بطور سیلزمین ملازمت پر رکھ لیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل میں کاروں کے شُو روم میں ایک کتے کو بطور سیلزمین بھرتی کیا گیا ہے، کتے کو اس حوالے سے تربیت بھی دی گئی اور  باقاعدہ ایمپلائی کارڈ بھی بنایا گیا ہے جو کتے کے گلے میں لٹکا رہتا ہے۔ کتا پُراعتماد انداز سے گاہکوں کو خوش آمدید کہتا ہے اور ضروری میٹنگ میں شرکت بھی کرتا ہے۔

اس کتے کا نام اٹکسن پرائم ہے اور اسے ہنڈائی کے شوروم میں گاہکوں کو ویلکم کرتا دیکھا جا سکتا ہے، پہلے اس کتے کو اعزازی نوکری دی گئی تھی تاہم کتے کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اُسے ترقی دیدی گئی۔ کتے نے جلد ہی شو روم کے ملازمین کے ساتھ دوستی بنالی اور گاہک بھی اس کی موجودگی سے خوش ہوئے۔

ہنڈائی برازیل نے انسٹاگرام پوسٹ میں کتے کی تصاویر بھی شیئر کیں۔ برازیل میں کسی آوارہ جانور کو ملازمت دینے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ گزشتہ برس ایک بلی نے شدید طوفان اور بارش میں ایک کمپنی میں پناہ لی تھی اور پھر اسی کمپنی نے بلی کو ملازمت پر رکھ لیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔