عالمی مارکیٹ میں مستحکم اور ملک میں سونے کی قیمت نئی بلندترین سطح پر

ویب ڈیسک  منگل 4 اگست 2020
عالمی مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1975 ڈالر پر مستحکم رہی۔

عالمی مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1975 ڈالر پر مستحکم رہی۔

کراچی: عالمی مارکیٹ میں فی اونس  سونے کی قیمت 1975 ڈالر پر مستحکم جب کہ ملک میں فی تولہ سونا ایک لاکھ 23 ہزار 900 روپے ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عالمی مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1975 ڈالر پر مستحکم رہی تاہم  ملک میں سونے کے دام تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔

پاکستان میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 400 روپے اور 343 روپے کا اضافہ ہونے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی نئی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 23 ہزار 900 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد ایک لاکھ 6 ہزار 224 روپے پر پہنچ گئی۔ تاہم اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1500 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 1286 روپے پر مستحکم رہی۔

بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستانی مارکیٹ میں منگل کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت 1000 روپے کم رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ عوام اور تاجر اپنے اثاثوں کی حفاظت کو سرمایہ کاری پر ترجیح دے رہے ہیں اور ڈالر سمیت اہم کرنسیوں پر انکا اعتماد کم ہورہا ہے، تاہم یورو اور ین کی صورتحال ڈالر کے مقابلے میں قدرے بہتر ہے۔

یہ حقیقت ہے کہ کرنسی کی قدر میں کمی بیشی ہوتی رہتی ہے مگر موجودہ حالات میں سونے میں سرمایہ کاری کو سب سے محفوظ سمجھا جارہا ہے، جب کہ امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی نے بھی درجنوں ممالک اور ہزاروں بڑے سرمایہ کاروں کو اضطراب سے دوچار کر رکھا ہے جو عالمی اقتصادی نظام کے لئے نقصان دہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔