کورونا: عالمی معیشت کو 5800 ارب ڈالر نقصان کا خدشہ

ارشاد انصاری  بدھ 5 اگست 2020
معاشی شرح 9.7 فیصد متاثر ہو سکتی ہے، ایشیا کا حصہ30 فیصد،ایشیائی ترقیاتی بینک
 فوٹو: فائل

معاشی شرح 9.7 فیصد متاثر ہو سکتی ہے، ایشیا کا حصہ30 فیصد،ایشیائی ترقیاتی بینک فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ 3 ماہ میں عالمی سطح پر معیشت کومجموعی طور پر 5800 ارب ڈالر کے نقصان کا خدشہ ہے۔

کورونا وبا سے ممکنہ معاشی نقصان پر اے ڈی بی کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب تین ماہ میں 5 ہزار 800 ارب ڈالر کے نقصان کا اندیشہ ہے،یہی حالات چھ ماہ تک رہے تو نقصانات 8 ہزار 800 ارب ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں جس کے باعث عالمی سطح پر معاشی ترقی کی شرح 9.7 فیصد تک متاثر ہوسکتی ہے۔

عالمی معاشی سرگرمیاں متاثر ہونے میں ایشیا کا حصہ 30  فیصد ہوگا، اے ڈی بی کے مطابق عالمی سطح پر پیداوار 1700 ارب ڈالر سے 2500  ارب ڈالر تک متاثرہوسکتی ہے،عالمی سطح پر 15 سے 24  کروڑ افراد روزگار سے ہاتھ دھو سکتے ہیں جبکہ صرف ایشیا میں 10 سے 16 کروڑ افراد بے روزگار ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر حالات یہی رہے تو چھ ماہ میں 5 کروڑ سے زائد افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلیں جائیں گے،ان حالات میں عام آدمی اور صنعتکاروں کو حکومت کی مدد کی اشد ضرورت ہو گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔