مون سون اسپیل کو ماہی کا نام نہیں دیا گیا،محکمہ موسمیات

اسٹاف رپورٹر  بدھ 5 اگست 2020
آج مطلع جزوی ابرآلود اور مرطوب رہنے ، بونداباندی،پھوار کی توقع ہے

آج مطلع جزوی ابرآلود اور مرطوب رہنے ، بونداباندی،پھوار کی توقع ہے

کراچی: بارش برسانے والے سسٹم کا کوئی نام نہیں ہوتا تاہم مون سون کے چوتھے اسپیل کو ماہی کانام نہیں دیا گیا۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق سوشل میڈیا پرسسٹم کو ماہی کانام دیکرسنسنی پھیلائی جارہی ہے،طوفان کے علاوہ کبھی مون سون سسٹم کو کوئی بھی نام نہیں دیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کی شدت کے حوالے سے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے افواہیں گردش کررہی ہیں،مون سون کا چوتھا سسٹم بھی ایک روایتی بارش دینے والا سلسلہ ہے،جس کے تقویت اور کمزور پڑنے کے امکانات موجود رہتے ہیں تاہم قبل ازوقت اس کے حوالے سے حتمی پیش گوئی ممکن نہیں ہوتی،خلیج بنگال سے آنے والا یہ سسٹم گزشتہ سلسلوں کے مقابلے میں قدرے تیز بارش بھی دے سکتا ہے،مگر اس کے حوالے سے سن 2011 کے بعد غیر معمولی بارشوں کا سبب بننے جیسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بونداباندی کی توقع ہے،آج زیادہ سے زیادہ پارہ 35سے 37 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔