برطانیہ کےلئے فلائٹ آپریشن کی تیاریاں مکمل، پی آئی اے اور پرتگالی کمپنی میں معاہدہ

بلال غوری  بدھ 5 اگست 2020
پی آئی اے 14 اگست کو برطانیہ سے آپریشن شروع کرے گی، فوٹو: فائل

پی آئی اے 14 اگست کو برطانیہ سے آپریشن شروع کرے گی، فوٹو: فائل

 لاہور: پی آئی اے نے برطانیہ کے لئے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کے لئے متبادل اتنظامات ترتیب دے دئیے ہیں۔

جنرل مینجر پی آئی اے پبلک افیئر کا کہنا ہے کہ پی آئی اے 14 اگست کو برطانیہ سے آپریشن شروع کرے گی، پرواز پی کے 9702 مانچسٹر سے 250 سے زائد مسافروں کو لیکر اسلام آباد روانہ ہو گی اور15 اگست کو پرواز پی کے 9785 اسلام آباد سے لندن کے لئے روانہ ہو گی۔ اس کے لئے پی آئی اے اور پرتگالی فضائی کمپنی کے مابین معاہدہ طے پاگیا ہے، جس کے تحت برطانیہ آپریشن میں پی آئی اے کے سلاٹ اور کال سائن استعمال ہوگا، ایئر بس 330 میں اکنامی اور بزنس کلاس میں جدید اور آرام دہ نشستیں ہیں، طیارے میں سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے گا۔

جنرل مینجر پی آئی اے کا کہنا تھا کہ ان براہ راست پروازوں پر بکنگ کا آغاز ہوگیا ہے اور پہلے پرواز ابھی سے پُر ہوگئی ہے، پی ائی اے کے پاس اعلی سروس کے ساتھ محدود تعداد میں نشستیں موجود ہیں جن کی بکنگ جاری ہے، پی آئی اے ان پروازوں پر 45 کلو فی مسافر بیگج کو سہولت بھی مہیا کررہا ہے اور پی آئی اے کے مسافروں کو دوران پرواز ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ کی سہولت بھی میسر ہو گی۔ پی ائی اے کو درخواستیں موصول ہوئی ہیں کہ مانچسٹر سے زیادہ سے زیادہ پروازیں چلائی جائیں، پی آئی اے کی پروازوں کی معطلی کے بعد دیگر ائیرلائنز نے کرائے غیر معمولی طور پر بڑھا دئیے تھے، پی آئی اے کی پروازوں کے چلنے کے بعد کرائے واپس عام سطح پر آنا متوقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔