کراچی میں گرمی کا پارہ 41 ڈگری تک پہنچنے کا امکان

اسٹاف رپورٹر  بدھ 5 اگست 2020
مون سون کے چوتھے سسٹم کے اثرات شہر کی فضاؤں پر نمودار ہونا شروع ہوگئے،محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

مون سون کے چوتھے سسٹم کے اثرات شہر کی فضاؤں پر نمودار ہونا شروع ہوگئے،محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

 کراچی: محکمہ موسمیات نے جمعرات کو کراچی میں پارہ 41 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ظاہر کردیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج پہلے پہر شہر میں سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں منقطع ہوگئیں جبکہ بلوچستان کی گرم و مرطوب ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے گرمی کا پارہ 41 ڈگری تک بلند ہوسکتا ہے تاہم شام کے وقت شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی، پھوار اور ہلکی بارش کی توقع ہے۔

بدھ کو شہر کا مطلع گرم و مرطوب رہا، تیز دھوپ کی وجہ سے دوپہر کے وقت شدید گرمی رہی اور رات گئے تک حبس برقرار رہا۔ بدھ کو زیادہ سے زیادہ پارہ 36.5 ڈگری ریکارڈ ہوا(گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے کئی ڈگری اضافی محسوس کی گئی) کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری رہا۔

صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 76 جبکہ شام کو 65 فیصد رہا، آج (جمعرات) کو مطلع دن کے وقت مرطوب اور شام کے وقت ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ مون سون کے چوتھے سسٹم (خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ ) کے اثرات شہر کی فضاؤں پر نمودار ہونا شروع ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔